اسرائیلی فوج کی شمالی اور وسطی غزہ میں پناہ گزین کیمپوں پر بمباری سے تقریبا 50 افراد ہلاک

2024/05/19 16:41:45
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق 18 مئی  کو اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کی پٹی کے علاقے جبالیہ میں فوجی کارروائیاں جاری رکھیں اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر شدید بمباری کی جس سےکم از کم 27 افراد ہلاک ہوئے ۔

 فلسطینی خبر رساں ادارے کی 18 مئی  کی  شائع  شدہ ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ کی ایک بستی پر بمباری کی جہاں بے گھر افراد مقیم تھے ۔ زخمیوں کو علاج کے لیے شمالی غزہ پٹی کے کمال اردوان اسپتال  بھیجا  گیا ۔

بے گھر ہونے والے لوگوں  کا کہنا تھا کہ اس دن اسرائیلی فوج کے فضائی حملے اور ٹینکوں کی گولہ باری  بلا تعطل  جاری رہی ۔ امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے نتیجے میں کم از کم 10 عمارتیں منہدم ہو ئیں اور حملے کے نتیجے میں  درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔

  الجزیرہ ٹی وی کی 19  مئی  کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے اسی دن فلسطین کی وسطی غزہ پٹی میں النصرت پناہ گزین کیمپ پر حملہ کیا جس میں کم از کم 20 افراد ہلاک، درجنوں زخمی اور  کئی لاپتہ ہوگئے۔

 الجزیرہ کے مطابق  اسرائیلی افواج نے اس دن مشرقی غزہ  میں ایک اسکول اور ایک گھر پر حملہ کیا جس میں کم از کم نو افراد ہلاک ہوئے۔ فلسطینی خبر رساں ادارے کی 19  مئی کی  رپورٹ کے مطابق شمالی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملے میں ایک صحافی بھی  ہلاک  ہوا ہے ۔ اسرائیلی فوج  کی جانب سے  ان رپورٹس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

 گزشتہ سال اکتوبر میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازعے   کے نئے دور کے آغاز کے بعد سے غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں میں 35 ہزار 200 سے زائد فلسطینی ہلاک اور 79 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔