چینی نمائندے کا یوکرین بحران کے فوری سیاسی حل پر زور

2024/05/21 09:52:16
شیئر:

 20 مئی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یوکرین کی صورتحال پر ایک عوامی اجلاس منعقد کیا۔ اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  چین تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ یوکرین کے بحران کے  فوری  سیاسی حل کو فروغ دیں۔ اس کے ساتھ ہی گینگ شوانگ نے امریکہ کی جانب سے چین کے خلاف لگائے جانے والے غیر معقول الزامات کا  جواب بھی دیا۔

 چینی  نمائندے نے کہا کہ  وہ  ایک بار پھر تنازع کے فریقین پر زور دیتے ہیں  کہ وہ سیاسی عزم کا مظاہرہ کریں، جلد از جلد امن مذاکرات شروع کریں، جنگ بندی کریں اور دشمنی کو روکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مدد فراہم کرنے کے لیے بین الاقوامی برادری  کو  سازگار حالات پیدا کرنےچاہئیں۔  چین، یوکرین کے مسئلے کے فوری سیاسی حل کو فروغ دینے کے لیے  کوششیں جاری رکھنے اور تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

 چینی نمائندے  نے امریکہ کے اس غیر معقول الزام کو مسترد کیا کہ چین نے تنازع کے دوران روس کو فوجی سازوسامان فراہم کیا تھا۔ انہوں  نے کہا کہ چین  نہ تو  یوکرین بحران کا خالق  ہے اور نہ ہی وہ اس کا فریق ہے۔ چین نے  تنازع میں کسی بھی فریق کو مہلک ہتھیار فراہم نہیں کیے ۔ چین نے نہ تو جان بوجھ کر جنگ کو طول دیا ہے اور نہ ہی  چین ایسا کرے گا جیسا کہ امریکہ نے کیا ہے، لہذا یہ الزامات مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں۔ چین ، امریکہ کو  یہ یاد دہانی کرواتا  ہے کہ یوکرین  بحران کو حل کرنے کے لیے الزام تراشی کرنا صحیح طریقہ نہیں ہے  نیز  امریکہ کو  یہ مشورہ دیتا ہے کہ وہ اپنی جغرافیائی حکمت عملی کو آگے بڑھانے اور بلاک تصادم کو بھڑکانے کے لیے یوکرین  بحران کا استعمال نہ کرے۔