پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے 26 مئی کو ایک بار پھر پاکستان کے ایک چین کے اصول پر قائم رہنے کا اعادہ کیا ہے۔
شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ چین کے آہنی بھائی اور اسٹریٹجک پارٹنر کی حیثیت سے پاکستان نے تائیوان کے معاملے پر چین کے موقف کی ہمیشہ حمایت کی ہے اور کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک چین کے اصول کی بھرپور حمایت کرتا ہے، تائیوان کو عوامی جمہوریہ چین کا اٹوٹ حصہ سمجھتا ہے اور قومی وحدت کے حصول کے لیے چینی حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز بلوچ نے بھی چند روز قبل کہا تھا کہ پاکستان ایک چین کے اصول پر سختی سے عمل پیرا ہے اور تائیوان چین کی سرزمین کا اٹوٹ حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 2758 نے اقوام متحدہ میں عوامی جمہوریہ چین کے تمام جائز حقوق کو واضح طور پر بحال کیا ہے اور عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کے نمائندے کو اقوام متحدہ میں چین کے واحد جائز نمائندے کے طور پر تسلیم کیا ہے۔