مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے شی جن پھنگ کی ملاقات

2024/05/29 19:49:10
شیئر:

29 مئی کی سہ پہر صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے بات چیت کی، جو چین عرب ممالک تعاون فورم کی 10 ویں وزارتی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور  چین کے سرکاری دورے پر ہیں ۔

اس موقع پر صدر  شی جن پھنگ نے کہا کہ اس سال چین اور مصر کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی دسویں سالگرہ ہے۔ گزشتہ 10 سالوں میں میں نے صدر  السیسی سے 11 ملاقاتیں کی ہیں اور مشترکہ طور پر دوطرفہ تعلقات کی بھرپور ترقی کی قیادت کی ہے۔ چین-مصر تعلقات چین اور عرب، افریقی، اسلامی اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان یکجہتی، تعاون، باہمی فائدے پر مبنی تعلقات کی مثال  بن چکے ہیں۔ چین مساوی اور منظم کثیر قطبی دنیا اور جامع اقتصادی عالمگیریت کا حامی ہے اور باہمی اعتماد کو گہرا کرنے، تعاون کو فروغ دینے، بین الاقوامی انصاف اور ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کے  تحفظ اور علاقائی اور عالمی امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرنے کے لئے مصر کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ 

صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ مصر چین کے ساتھ اپنی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے کام کرنے کا خواہاں ہے۔ مصر ایک چین کے اصول کی پاسداری کرتا ہے۔ تائیوان، ہانگ کانگ، شی زانگ، انسانی حقوق اور دیگر بنیادی مفادات سے متعلق امور پر چین کے موقف  اور چین کے مکمل قومی اتحاد کے حصول کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ مصر صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کردہ متعدد عالمی اقدامات کو سراہتا ہے اور انسانیت کی امن و  ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

 دونوں فریقین نے فلسطین اسرائیل تنازعہ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شی جن پھنگ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ "دو ریاستی حل" مسئلہ فلسطین کا بنیادی راستہ ہے۔ چین فلسطین کو اقوام متحدہ کا مکمل رکن بنانے کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ چین صورتحال کو بہتر  کرنے اور انسانی امداد کی فراہمی میں مصر کے اہم کردار کو سراہتا ہے اور غزہ کے عوام کو اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق امداد فراہم کرنے اور مسئلہ فلسطین کے جلد، جامع، منصفانہ اور دیرپا حل کو فروغ دینے کے لئے مصر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ 

عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ مصر فلسطین کے مسئلے پر  چین کے عزم کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور غزہ میں کشیدگی کو جلد از جلد کم کرنے کے لئے چین کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔ مذاکرات کے بعد دونوں سربراہان مملکت نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کو فروغ دینے، سائنسی اور تکنیکی جدت طرازی، سرمایہ کاری ،اقتصادی تعاون  اور  قرنطینہ میں باہمی تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ فریقین نے جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو گہرا کرنے کے بارے میں عوامی جمہوریہ چین اور عرب جمہوریہ مصر کا مشترکہ بیان جاری کیا۔ 

مذاکرات سے قبل شی جن پھنگ نے عظیم عوامی ہال کے مشرقی دروازے کے باہر  صدر  سیسی کے لئے استقبالیہ  تقریب منعقد کی۔