چین کا خواتین اور نوجوانوں کے تحفظ کے لیے جنگ بندی اور تشدد کے خاتمے کا مطالبہ

2024/05/29 10:45:32
شیئر:

اٹھائیس مئی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امن و سلامتی برقرار رکھنے میں خواتین اور نوجوانوں کے کردار پر وزارتی مباحثے کا انعقاد کیا۔ اجلاس میں چینی نمائندے نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو خواتین اور نوجوانوں کے تحفظ کے لیے جنگ بندی کو فعال طور پر فروغ دینا چاہیے اور تشدد روکنا چاہیے۔

 اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو زونگ نے کہا کہ آج دنیا میں پرتشدد تنازعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس کا خمیازہ سب سے  زیادہ  خواتین اور نوجوانوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  سلامتی کونسل کو بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کی بنیادی ذمہ داری اٹھانا چاہئے اور جنگ بندی کو فروغ دینے اور دشمنی کو ختم کرنے کے لئے مسلسل کوششیں کرنی چاہئیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ چین تنازعے کے فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، خواتین اور نوجوانوں کو فوجی اہداف کے طور پر نشانہ بنانے سے گریز کریں، انسانی امداد کی اشیاء تک رسائی کو یقینی بنائیں اور تنازعات کو جلد از جلد سیاسی ذرائع سے حل کرنے کی راہ پر واپس آئیں۔