چین کا غزہ میں جنگ بندی اور انسانی تباہی کو کم کرنے کے لئے مزید اقدامات کا مطالبہ

2024/05/30 10:12:02
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق 29  مئی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کے مسئلے پر بحث ہوئی۔ چین کے نمائندے نے کہا کہ سلامتی کونسل کو فوری جنگ بندی  کے لئے مزید اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ زندگیاں بچائی جا سکیں اور غزہ میں انسانی تباہی کو کم کیا جا سکے۔

 اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو  چھونگ نے کہا کہ اسرائیل نے بین الاقوامی برادری کی شدید مخالفت کو نظر انداز کرتے ہوئے غزہ میں 10 سے زائد پناہ گزین کیمپوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں بے گناہ شہری ہلاک ہوئے ہیں ۔ چین اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ  چین انسانی مسائل کو سیاسی رنگ دینے، بھوک کو ہتھیار کے طور پر اور انسانی امداد کو سودے بازی کے طور پر استعمال کرنے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

یاد رہے کہ  گزشتہ سال اکتوبر میں  فلسطین اسرائیل تنازعے کے  نئے دور کے آغاز کے بعد سے بین الاقوامی برادری نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک زبردست آواز بلند کی ہے، لیکن جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مسودے کو امریکہ نے کئی مواقع پر روکا اور ویٹو کیا ہے جس پر  بین الاقوامی برادری کی جانب سے  امریکہ پر  شدید تنقید  بھی کی گئی ہے ۔