بین الاقوامی برادری نے جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائلی فضائی حملوں کے بعد غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی پر زور دیا ہے۔
یورپی یونین کے خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کے اعلی نمائندے بوریل نے 29 مئی کو سوشل میڈیا پر کہا کہ یو این آر ڈبلیو اے کے کمشنر جنرل لازارینی نے اسی دن ان سے ملاقات میں کہاکہ "غزہ کی صورتحال کو اب الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا جہاں دن بہ دن اموات میں اضافہ ہو رہاہے ۔ لوگوں نے نہ صرف اپنی جانیں گنوائی ہیں، بلکہ اب امید بھی کھو دی ہے۔ بوریل نے اس انسانی المیے کے خاتمے کا مطالبہ کیا جو ضمیر کی آواز اور انسانیت کے منافی ہے۔
غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنےو الے کئی ممالک ہیں ۔29 مئی کو عمان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا جس میں پوری غزہ پٹی پر اسرائیلی فوج کے حملے اور رفح پناہ گزین کیمپ پر حملے کی مذمت کی گئی۔ بیان میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی عسکریت پسندوں کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے، غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کرے اوانسانی امداد کی بلا روک ٹوک ترسیل کو یقینی بنائے۔
ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی نے بھی اسی دن ایک قرارداد منظور کی جس میں رفح پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کی گئی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ رفح کے خلاف اسرائیل کی فوجی کارروائی کو روکنے کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کرے۔