چین کیوبا تعلقات سوشلسٹ ممالک کے درمیان یکجہتی اور تعاون کا نمونہ بن چکے ہیں، چینی وزارت خارجہ

2024/06/04 16:44:26
شیئر:

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماو ننگ نے چار جون کو یومیہ پریس کانفرنس میں کیوبا کے صدر کے خصوصی ایلچی، کیوبا کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ روڈریگز  کے دورہ چین کے حوالے سے ایک سوال  کے جواب میں کہا کہ وزیر خارجہ روڈریگز کا دورہ  دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے سیاسی باہمی اعتماد اور چین اور کیوبا کے درمیان خصوصی دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ چینی فریق اس دورے کو بہت اہمیت دیتا ہے۔کیوبن وزیر خارجہ چینی رہنما اور متعلقہ محکموں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے اور چین کیوبا تعلقات اور مشترکہ مفادات کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔

 حالیہ برسوں میں دونوں سربراہان مملکت کی اسٹریٹجک رہنمائی میں چین کیوبا تعلقات اعلیٰ سطح پر فعال ہیں اور سوشلسٹ ممالک کے درمیان یکجہتی اور تعاون نیز  ترقی پذیر ممالک کے درمیان مخلصانہ باہمی تعاون کا نمونہ بن گئے ہیں۔ اس دورے کے ذریعے چین  کیوبا کے ساتھ تزویراتی رابطے کو مزید مضبوط بنانے، دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد، چین اور کیوبا کے درمیان خصوصی دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اورچین کیوبا  ہم نصیب  معاشرے  کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنے کی امید رکھتا ہے۔