سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی سے متعلق قرارداد کی منظوری

2024/06/11 09:33:12
شیئر:

 مقامی وقت کے مطابق 10 جون کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ کی پٹی سے متعلق ایک قرارداد  منظور کی جسے امریکہ نے پیش کیا تھا۔ سلامتی کونسل کے 15 ارکان میں سے قرارداد کے حق میں 14 اور مخالفت میں 0 ووٹ آئے، روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ اسرائیل نے جنگ بندی کی نئی تجویز کو قبول کر لیا ہے اور قرارداد میں حماس پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بھی ایسا کرے۔ 

مجوزہ جنگ بندی تین مرحلوں میں نافذ کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں "فوری، جامع اور مکمل جنگ بندی" نافذ کی جائے گی، غزہ کی پٹی کے تمام آبادی والے علاقوں سے اسرائیلی فوج کا انخلا ہو گا۔ حماس خواتین،عمررسیدہ افراد اور زخمیوں سمیت کچھ قیدیوں کو رہا کرے گی، اور  اسرائیل فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔ دوسرے مرحلے میں حماس باقی قیدیوں کو رہا کرے گی۔ اس کے بدلے میں غزہ کی پٹی سے تمام اسرائیلی فوجیوں کا انخلا ہو جائے گا۔ تیسرے مرحلے میں غزہ کی پٹی کے لیے بڑے پیمانے پر تعمیر نو کا منصوبہ شروع ہو گا۔

 10 جون کی شام کو حماس نے ایک بیان جاری کیا جس میں جنگ بندی سے متعلق سلامتی کونسل میں قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا گیا۔ فلسطینی ایوان صدر  نے 10 تاریخ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد کی منظوری درست سمت میں ایک قدم ہے اور اس سے غزہ کی پٹی کے عوام کے خلاف جاری جنگ کو روکنے میں مدد ملے گی اور اس قرارداد پر عمل درآمد کی ذمہ داری سب کو اٹھانی چاہیے۔