غزہ میں انسانی تباہی سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، اقوام متحدہ

2024/06/12 09:32:34
شیئر:

 مقامی وقت کے مطابق11 جون کو اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امداد کے کوآرڈینیٹر مارٹن گریفتھس نے تمام فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں انسانی تباہی سے نمٹنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدام کریں۔ گریفتھس نے کہا کہ غزہ کو امداد پہنچانے کے طریقہ کار کو فعال طور پر کام کرنے کے لیے اضافی مدد کی ضرورت ہے۔ تمام کراسنگ پوائنٹس کھلے اور مکمل طور پر فعال ہونے چاہئیں، انسانی ہمدردی کے سامان اور عملے کے لیے داخلے  کو آسان بنایا جانا چاہیے، اور انسانی امداد کے کارکنوں کے لیے محفوظ اور سازگار حالات کو یقینی بنایا جانا چاہیے  تاکہ غزہ میں ضرورت مند شہریوں کو مؤثر طریقے سے امداد پہنچائی جا سکے۔ گریفتھس نے زور دیا کہ غزہ کی انسانی ضروریات کو مکمل اور مؤثر طریقے سے پورا کرنے کا واحد راستہ فوری اور مستقل جنگ بندی ہے۔

گیارہ جون کو غزہ کی پٹی کے محکمہ صحت نے  ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ غزہ کی پٹی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک اور 120 زخمی ہوئے۔ گزشتہ سال 7 اکتوبر کو فلسطین اسرائیل تنازعہ کے نئے دور کے آغاز  کے بعد سے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں 37,164 فلسطینی ہلاک اور 84,832  زخمی ہو چکے ہیں۔