انتونیو گوتریس کی طرف سے پناہ گزینوں کے تحفظ اور ان کی مدد کے لیے کوششوں کی اپیل

2024/06/21 09:36:11
شیئر:


اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے 20 جون کو پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ پناہ گزینوں کے تحفظ اور ان کی مدد کے لیے کوششیں تیز کرے۔

 انتونیو گوتریس نے کہا کہ پناہ گزینوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے عالمی یکجہتی کی ضرورت ہے اور اس کے ساتھ ساتھ پناہ گزینوں کو وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کی اپنی صلاحیت کو از سر نو تعمیر کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ اگر پناہ گزینوں کو موقع دیا جائے تو وہ میزبان برادریوں میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ، لیکن انہیں مساوی مواقع کے ساتھ ساتھ ملازمتوں ، رہائش اور صحت کی دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔ 

انتونیو گوتریس نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ پناہ گزینوں کو امداد فراہم کرنے میں اجتماعی ذمہ داری ادا کرے اور تنازع کو بالآخر حل کرے اور پناہ گزینوں کو  اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دے۔

 20 جون پناہ گزینوں کا عالمی دن ہے۔ اقوام متحدہ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 12 کروڑ سے زائد افراد اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہیں جن میں 4 کروڑ 35 لاکھ پناہ گزین بھی شامل ہیں۔