شی جن پھنگ کی جانب سے چاند کی تلاش کے منصوبے چھانگ عہ 6 کی شاندار کامیابی پر مبارکباد

2024/06/25 15:47:29
شیئر:

بیجنگ وقت کے مطابق  25 جون  کی سہ پہر دو بجکر سات منٹ پر چین کا چھانگ عہ 6 ریٹرنر چاند کے دور افتادہ حصے سے چاند کے نمونوں کے ساتھ  چین کے اندرونی منگولیا کے  مقررہ علاقے میں بحفاظت  واپس اتر گیا۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے  جنرل سیکریٹری،  چینی صدر اور مرکزی فوجی کمیشن  کے چیئرمین شی جن پھنگ نے سی پی سی سینٹرل کمیٹی، چین کی ریاستی کونسل اورمرکزی فوجی کمیشن کی جانب سے چاند کی تلاش کے منصوبے کے چھانگ عہ  6 مشن کے ہیڈکوارٹرز اور مشن میں شریک تمام افراد کو دلی مبارکباد  پیش کی۔

 اپنے تہنیتی پیغام میں شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ چھانگ عہ  6 نے انسانی تاریخ میں پہلی بار چاند کے دور افتادہ حصے سے نمونوں کے ساتھ  واپسی کامیابی سے مکمل کی ہے جو چین کی خلائی طاقت اور سائنس و ٹیکنالوجی کی طاقت کی تعمیر کا ایک اور تاریخی کارنامہ ہے۔ گزشتہ 20 سالوں میں ، چاند کی تلاش کے منصوبے کی تعمیر و  ترقی میں شامل تمام افراد نے بڑی کامیابیاں حاصل کرکے  چاند کی تلاش کے اعلی معیار اور اعلی کارکردگی والے راستے کا آغاز کیا ہے۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ گہری خلائی تحقیق جیسے بڑے ایرو اسپیس منصوبوں پر عمل درآمد جاری رکھیں گے، بین الاقوامی تبادلوں اور تعاون کو مضبوط کریں گے، اور چینی طرز کی جدیدکاری کے ساتھ ایک عظیم ملک کی تعمیر اور قومی نشاۃ ثانیہ کے عظیم نصب العین کو جامع طور پر فروغ دینے میں نئی خدمات سرانجام  دیں گے۔

چھانگ عہ 6 مشن نے  اپنے آغاز کے بعد سے 53 دن اور 11 پروازوں کے مراحل کے بعد  چاند کے مدار کے ڈیزائن اور کنٹرول ، چاند کے دور افتادہ حصے پر ذہین اور  تیز طریقے  سے نمونے لینے ، اور چاند کے دور افتادہ حصے سے  ٹیک آف جیسی اہم ٹیکنالوجیز  میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔