اسرائیلی فوج کا غزہ شہر پر فضائی حملہ، اسماعیل ہانیہ کے کئی رشتہ دار اسرائیلی کارروائی میں ہلاک اور زخمی

2024/06/26 10:26:44
شیئر:

25تاریخ کی صبح اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی کے شمالی حصے میں غزہ شہر میں کئی مقامات پر حملے کیے جس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتیں ہوئیں۔ ان فضائی حملوں میں سے ایک غزہ شہر کے شاتی پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر  پر کیا گیا جس کے نتیجے میں فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) کے پولٹ بیورو کے رہنما اسماعیل ہانیہ کے متعدد رشتہ دار ہلاک ہو گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق رات 2 بجے اسرائیلی فوج نے اچانک فضائی حملہ کیا۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی حملے میں ہانیہ کے 11 رشتہ دار ہلاک ہوئے جن میں ان کی ایک بہن بھی شامل ہے۔

گذشتہ سال 7 اکتوبر کو بڑے پیمانے پر فلسطین اسرائیل جھڑپوں کے نئے دور کے بعد سے، ہانیہ کے متعدد رشتہ دار، جن میں ان کے تین بیٹے بھی شامل ہیں، اسرائیلی فضائی حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں 25 تاریخ کی علی الصبح بے گھر افراد کی رہائش کے لیے مختص کئی اسکولوں پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے 25 تاریخ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر غزہ شہر میں فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) کی دو عمارتوں پر حملہ کیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق کچھ مسلح افراد اسرائیل کے خلاف متعدد حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث رہے ہیں جن میں سے کچھ گزشتہ سال اکتوبر میں اسرائیل پر بڑے پیمانے پر حملے میں بھی ملوث تھے۔