پورے مشرق وسطیٰ کو مزید تباہی کی جانب بڑھانے سے گریز کیا جائے ،چینی نمائندہ

2024/06/26 10:26:02
شیئر:

25 جون کو  اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے فو چھونگ نے فلسطین اسرائیل مسئلہ پر سلامتی کونسل کے عام اجلاس میں کہا کہ چین تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے، کشیدگی کو بڑھانے والے اقدامات سے گریز کرنے کا مطالبہ کرتا ہے اور پورے مشرق وسطیٰ کو مزید  تباہی کی جانب بڑھانے سے گریز کیا جائے۔ 

فو چھونگ نے کہا کہ فوری طور پر جنگ بندی ضروری ہے، یہ سلامتی کونسل کی قراردادوں 2728 اور 2735 کا بنیادی نچوڑ ہے۔چین نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی برادری کی اپیل پر دھیان دے، غزہ میں فوجی کارروائیوں کو فوری طور پر روکے اور غزہ کے لوگوں کو اجتماعی سزائیں دینا فوری طور پر بند کرے۔ چین فریقین پر اہم اثر و رسوخ رکھنے والے ممالک سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ منصفانہ موقف برقرار رکھیں اور جنگ بندی کے لیے مخلصانہ کوششیں کریں۔

 فو چھونگ نے کہا کہ غزہ میں تنازع کے منفی اثرات  تیزی سے پھیل رہے ہیں اور بحیرہ احمر اور لبنان اور اسرائیل کے درمیان سرحد کی صورتحال تشویشناک ہے۔ چین نے ان اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اسرائیل لبنان پر فوجی حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ چین نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں فوری اور دیرپا جنگ بندی کو فروغ دینے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے، جلد از جلد "دو ریاستی حل" کی بحالی کو فروغ دے، اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن و سلامتی کی جلد از جلد تکمیل کو فروغ دے۔