صدر شی جن پھنگ کی مسعود پزشکیان کو اسلامی جمہوریہ ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

2024/07/06 18:28:52
شیئر:

چھ تاریخ کو چین کے صدر شی جن پھنگ نے مسعود پزشکیان کو  اسلامی جمہوریہ ایران کا صدر منتخب ہونے پر تہنیتی پیغام بھیجا ۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور ایران کے دوستانہ تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے اور نصف صدی قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے دوطرفہ تعلقات نے صحت مند اور مستحکم ترقی کو برقرار رکھا ہے۔ پیچیدہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کا سامنا کرتے ہوئے چین اور ایران نے ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی ہے اور بوقت ضرورت مل کر کام کیا ہے، تزویراتی باہمی اعتماد کو مسلسل مستحکم کیا ہے، مختلف شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو مسلسل آگے بڑھایا ہے، اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر اچھی مشاورت اور ہم آہنگی برقرار رکھی ہے، جس سے نہ صرف چینی اور ایرانی عوام کو فائدہ ہوا ہے بلکہ علاقائی اور عالمی امن و استحکام کو فروغ دینے میں بھی مثبت کردار ادا کیا گیا ہے۔ صدر شی نے کہا کہ وہ چین ایران تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ مل کر چین ایران جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی گہرائی سے رہنمائی کے خواہاں ہیں ۔