شی جن پھنگ کی بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد سے ملاقات

2024/07/10 20:19:49
شیئر:

10 جولائی کی سہ پہر چینی صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد سے ملاقات کی جو سرکاری دورے پر چین میں ہیں ۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے  چین-بنگلہ دیش تعلقات کو  جامع اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری میں اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا۔

 شی جن پھنگ نے  کہا  کہ چین اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی تعلقات مختلف ممالک خاص کر "گلوبل ساؤتھ" کے  تعلقات کی مثال بن چکے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ  اگلے سال چین اور بنگلہ دیش کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 50ویں سالگرہ ہوگی جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے   چین  "بیلٹ اینڈ روڈ" کی اعلیٰ معیار کی مشترکہ تعمیر کو فروغ دینے اور چین-بنگلہ دیش جامع اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ 

 شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین بنگلہ دیش کی آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا رہنے، اس کے قومی حالات کے مطابق ترقی کے راستے کا انتخاب کرنے، قومی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور کسی بھی بیرونی مداخلت کی مخالفت میں بنگلہ دیش کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین بنگلہ دیش کی قومی ترقی کے حصول میں مدد کے لیے بنگلہ دیش کے ساتھ  تجربات کے تبادلے کے لیے تیار ہے۔صدر شی نے کہا کہ  اگلے سال  کو " چین-بنگلہ دیش عوامی تبادلے کے سال کے طور پر  منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چین بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بنگلہ دیش کے ساتھ مل کر کام کرنے، اقوام متحدہ جیسے کثیر الجہتی فریم ورک  میں ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانے اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔

 بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد  نے کہا کہ بنگلہ دیش چین کی عظیم کامیابیوں کو  دل کی گہرائیوں سے  سراہتا  ہے۔انہوں نے کہا کہ  بنگلہ دیش چین کے کامیاب ترقیاتی تجربے سے سیکھنے کی امید رکھتا ہے۔ شیخ حسینہ نے کہا کہ بنگلہ دیش "بیلٹ اینڈ روڈ" کی تعمیر میں تعاون میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش ون چائنا کے اصول پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے ،  تائیوان کے معاملے پر چین کے موقف کی حمایت کرتا ہے، چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے والی بیرونی طاقتوں کی سخت  مخالفت کرتا ہے اور اپنے بنیادی مفادات کے تحفظ میں چین کی مضبوط  حمایت کرتا ہے۔

اسی دن چینی وزیر اعظ٘ لی چھیانگ  نے بیجنگ میں بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد سے ملاقات کی ۔