چین کا عالمی برادری سے یوکرین بحران کو کم کرنے اور مذاکرات کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے میں مدد کا مطالبہ

2024/07/10 09:47:15
شیئر:

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مقامی وقت کے مطابق 9 تاریخ کو یوکرین کی صورتحال پر ایک غیر معمولی اجلاس منعقد کیا۔ چینی نمائندے نے یوکرین میں بڑھتے ہوئے بحران کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ دونوں فریقوں کے درمیان براہ راست  مذاکرات کی بحالی کے لئے سازگار حالات پیدا کرے اور مدد فراہم کرے۔

 اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے کہا کہ اس وقت ہماری توجہ تین اصولوں پر عمل پیرا ہونے پر مرکوز ہے جن میں "میدان جنگ کا عدم پھیلاؤ "، "جنگ میں عدم اضافہ " اور "تمام اطراف کی جانب سے آگ کو مزید بھڑکانے سے گریز " شامل ہیں، تاکہ کشیدہ صورتحال کو جلد از جلد کم کیا جا سکے۔ بین الاقوامی برادری دونوں فریقوں کے درمیان براہ راست مذاکرات کی بحالی کے لئے سازگار حالات پیدا کرے اور مدد فراہم کرے۔ بڑی طاقتوں کی جانب سے منفی توانائی کے بجائے مثبت توانائی فراہم کرنے سے ہی اس تنازعے میں جلد از جلد جنگ بندی ہوسکتی ہے۔

 گینگ شوانگ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یوکرین کے معاملے پر چین کا موقف ہمیشہ واضح ہے کہ تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں پر عمل کیا جانا چاہیے، تمام ممالک کے جائز سیکیورٹی خدشات کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے اور بحران کے پرامن حل کے لیے سازگار تمام کوششوں کی حمایت کی جانی چاہیے۔ چین اپنے طریقے سے امن مذاکرات کو فعال طور پر فروغ دینا جاری رکھے گا، یوکرین مسئلے کے سیاسی حل کو فروغ دینے کے لئے مسلسل کوششیں کرے گا، اور تعمیری کردار ادا کرے گا.