یورپ کے کئی مقامات شدید گرمی کی لپیٹ میں

2024/07/17 10:30:54
شیئر:

گزشتہ چند دنوں کے دوران یورپ کے کئی مقامات گرمی کی لہروں کی زد میں آئے ہیں اور بہت سے ممالک اور خطوں میں غیر معمولی بلند درجہ حرارت دیکھنے میں آیا ہے۔

مقامی وقت کے مطابق 16 تاریخ کو افریقہ سے آنے والی گرمی کی لہر کے باعث اٹلی کے محکمہ صحت نے روم سمیت 12 شہروں کے لیے انتہائی سنگین درجہ حرارت کی وارننگ جاری کی۔ اٹلی کے کچھ حصوں میں آئندہ دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا امکان ہے، جس میں مزید اضافہ ممکن ہے۔

یونان بھی جون سے ہیٹ ویو کا شکار ہے، حالیہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے، جس کی وجہ سے یونان میں کچھ اسکولوں اور قدیم مقامات کو مجبوراً بند کرنا پڑا ہے۔ گرم موسم نے ایسے افراد کے لیے مزید مسائل پیدا کیے ہیں جنہیں باہر رہ کر کام کرنا پڑتا ہے۔

گرم موسم نے شدید قدرتی آفات کو بھی جنم دیا ہے۔ 16 تاریخ کو ہی  شمالی مقدونیہ میں نیگوٹونو کے قریب پہاڑوں میں کئی روز تک درجہ حرارت زیادہ رہنے کی وجہ سے جنگل میں آگ بھڑک اٹھی اور ملک کی فائر فائٹنگ فورسز فی الحال آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ کچھ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ گرمی کی لہر جنگل کی آگ کے مسلسل پھیلاؤ کا باعث بنے گی۔