حال ہی میں مائیکروسافٹ کے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کو عالمی سطح پربلیو اسکرین کے ساتھ بندش کا سامنا کرنا پڑا اور ہم نے دیکھا کہ ایک "بلیو ویو" نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
مائیکروسافٹ کے لئے سائبر سیکیورٹی سروس فراہم کرنے والے ادارے کراؤڈ اسٹرائیک میں اپ ڈیٹ کی غلطی کی وجہ سے بہت سے ممالک کے شہری ہوا بازی ، ریل اور بینکاری کے نظام میں خلل پڑا، امریکہ میں دو ہزار سے زائد پروازیں معطل ہو گئیں۔ ویسٹ جاپان ریلوے کمپنی، آسٹریلیا کے کم از کم چار بینک اور ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ٹیلسٹرا، لاگ ان یا معمول کا لین دین کرنے سے قاصر رہے۔ لندن اور برطانیہ کے دیگر مقامات پر تیل اور گیس کی تجارت کے کئی بڑے محکموں کو نیٹ ورک کی ناکامیوں کی وجہ سے لین دین پر عمل درآمد میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی شہروں میں طبی خدمات تاخیر کا شکار رہیں، ٹیسلا جیسی بڑی کمپنیوں کی پروڈکشن لائنیں معطل ہیں اور اسٹار بکس اور ایگزون موبل جیسی کمپنیاں متاثر ہوئی ہیں، وغیرہ وغیرہ۔
کراؤڈ اسٹرائیک کلاؤڈ پر مبنی آن لائن سیکیورٹی حل فراہم کرنے والی عالمی شہرت یافتہ کمپنی ہے۔ اس سافٹ ویئر کو مائیکروسافٹ سمیت دنیا کی کچھ بڑی کلاؤڈ سروس کمپنیوں کی طرف سے جدید سائبر حملوں کا پتہ لگانے اور ان کے خلاف دفاع کرنے میں مہارت کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ مائیکروسافٹ کے علاوہ کراؤڈ اسٹرائیک 271 فارچیون 500 کمپنیوں اور کئی ممالک میں سرکاری ایجنسیوں کا پارٹنر ادارہ بھی ہے۔
"مائیکروسافٹ بلیو اسکرین" کا واقعہ نہ صرف ایک تکنیکی مسئلہ ہے بلکہ آج کے معاشرے کی موجودہ صورتحال کے لئے ایک سنگین انتباہ بھی ہے ، جو چند ٹیکنالوجی کمپنیوں کی خدمات پر بہت زیادہ منحصر ہے۔ انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ ساتھ کلاؤڈ کمپیوٹنگ سے لے کر بگ ڈیٹا تک، سوشل میڈیا سے لے کر موبائل ادائیگیوں تک، لوگوں کا کام اور زندگی ان ٹیکنالوجی کمپنیوں کی خدمات کے ساتھ لازم و ملزوم ہو گئی ہے۔ لیکن ان کمپنیوں پر حد سے زیادہ انحصار ممکنہ خطرات اور کمزوریاں بھی سامنے لاتا ہے جن کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ اگر ان ٹیکنالوجی کمپنیوں کو تکنیکی ناکامی یا سیکیورٹی کی خامیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تو اس کا اثر تیزی سے پوری دنیا میں پھیل سکتا ہے، جس سے ناقابل حساب نقصان ہوسکتا ہے. دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے آپریٹنگ سسٹم میں سے ایک کے طور پر ، اس واقعے میں مائیکروسافٹ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کی کارکردگی نے بہت سے ممالک میں اہم اداروں اور کلیدی سہولیات سمیت بڑی تعداد میں صارفین کے معمول کے آپریشن کو براہ راست متاثر کیا ہے۔
انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کا آغاز امریکا سمیت دیگر ترقی یافتہ معیشتوں میں ہوا اور ان ٹیکنالوجیز پر اجارہ داری رکھنے والے معروف کاروباری اداروں کی بین الاقوامی سائبر اسپیس گورننس میں مضبوط آواز ہے۔ تاہم موجودہ واقعہ بلاشبہ ظاہر کرتا ہے کہ سائبر خطرے کے عالمی چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے کوئی بھی ملک محفوظ نہیں ہے، اور کوئی بھی معروف انٹرپرائز ادارہ جاتی سائبر خطرات اور بحرانوں کو حل کرنے کے لئے اپنی طاقت پر انحصار نہیں کرسکتا. نام نہاد معروف انٹرپرائز کی زیر قیادت نیٹ ورک سیکیورٹی ماڈل نہ صرف نیٹ ورک گورننس کے نتائج کے جامع اشتراک کو لانے میں ناکام رہتا ہے بلکہ نئے سیکیورٹی خطرات کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
سلامتی تمام ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود سے وابستہ ہے۔ سائبر سکیورٹی اب خالصتاً ایک تکنیکی مسئلہ نہیں رہی، بلکہ یہ قومی سلامتی سے متعلق ایک اسٹریٹجک مسئلہ ہے.اس واقعے کا چین پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا ، جس کی وجہ چین کی مسلسل لوکلائزیشن کو فروغ دینے اور کئی سالوں تک اپنی آزاد اور قابل کنٹرول سائبر سیکیورٹی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی حکمت عملی ہے۔ حالیہ برسوں میں زیادہ سے زیادہ چینی سرکاری ایجنسیوں اور کاروباری اداروں نے غیر ملکی آئی ٹی سسٹم کو ملکی آئی ٹی سسٹم کے ساتھ تبدیل کرنا شروع کردیا ہے اور چین کی موجودہ سائبر سیکیورٹی مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر مقامی کمپنیوں کا غلبہ ہے۔ اس حوالے سے سنگاپور کے سائبر سیکیورٹی کے ماہر جوش کینیڈی وائٹ کا خیال ہے کہ چین نے مقامی کمپنیوں اور مائیکروسافٹ کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے چین میں کاروبار کرنے کا طریقہ اپنایا ہے جو چین کی بنیادی نیٹ ورک سروسز کو عالمی ٹرمینلز سے آزاد بناتا ہے۔
آج کی گلوبلائزڈ دنیا میں سائبر اسپیس انسانی سلامتی اور ذمہ داری کا ہم نصیب معاشرہ بن گیا ہے ، اور سائبر سیکیورٹی کو برقرار رکھنے کے لئے متنوع ترقی کو فروغ دینے اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔تکنیکی جدت طرازی اور مارکیٹ مسابقت کی حوصلہ افزائی کے لئے چند بڑی کمپنیوں کی اجارہ داری کو توڑنا اور واحد نظام پر معاشرے کی انحصاری کو کم کرنا بلاشبہ ایک زیادہ کھلے، جامع اور محفوظ ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام تشکیل دینے کے لئے وقت کا تقاضا بن گیا ہے۔ تمام ممالک کو ایک کھلا اور تعاون پر مبنی رویہ برقرار رکھتے ہوئے حکمرانی کی ذمہ داریوں کا اشتراک کرنا ہوگا اور سائبر سیکیورٹی کے معیار کو مسلسل بہتر بنانا ہوگا۔ یوں ڈیجیٹل تہذیب حقیقی معنوں میں انسانیت کو فائدہ پہنچا سکتی ہے۔