26 جولائی کو سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ ای نے وینٹیانے میں یورپی یونین کے خارجہ امور اور سلامتی کی پالیسی کے اعلیٰ نمائندے جوزف بوریل سے ملاقات کی۔
وانگ ای نے کہا کہ چین کی الیکٹرک گاڑیوں پر یورپی یونین کی اینٹی سبسڈی تحقیقات تجارتی تحفظ پسندی ہے اور یہ عالمی سطح پر سبز تبدیلی کے لیے سازگار نہیں ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ دونوں فریق مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے معقول حل تلاش کر سکتے ہیں اور مشترکہ طور پر آزاد تجارتی نظام اور اقتصادی عالمگیریت کی حفاظت کر سکتے ہیں۔
بوریل نے کہا کہ یورپی یونین چین کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، چین کی ترقی پر خوش ہے اور ون چائنا پالیسی پر عمل جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین یوکرین بحران کے سیاسی حل پر چین اور برازیل کے امن اقدام کو بہت اہمیت دیتی ہے اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان مفاہمت کو فروغ دینے پر چین کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔
وانگ ای نے یوکرین کے بحران پر چین کے اصولی موقف کی وضاحت کی اور کہا کہ اولین ترجیح صورتحال کو معمول پر لانا ہے۔ وانگ ای نے کہا کہ چین ہمیشہ مزاکرات کے ذریعے سیاسی حل کے اصول پر کاربند رہا ہے اور پائیدار یورپی سلامتی کے ڈھانچے کی تلاش میں قائدانہ کردار ادا کرنے میں یورپی یونین کی حمایت کرتا ہے۔