امید ہے کہ روس یوکرین تنازع کے دونوں فریق جلد از جلد امن مذاکرات شروع کریں گے،چینی مندوب

2024/07/26 10:16:10
شیئر:

 اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو چھونگ نے 25  تاریخ کو  یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی کے بارے میں سلامتی کونسل کے جائزہ اجلاس  میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ چین توقع کرتا ہے کہ روس یوکرین تنازع کے دونوں فریق سیاسی عزم کا مظاہرہ جاری رکھیں گے، ایک ہی سمت میں آگے بڑھیں گے اور جلد از جلد امن مذاکرات شروع کریں گے۔

فو چھونگ نے اس بات پر زور دیا کہ جلد جنگ بندی اور سیاسی حل کی تلاش تمام فریقین کے بہترین مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کے وزیر خارجہ دمترو کلیبا اس وقت چین کے دورے پر ہیں۔کلیبا نے کہا ہےکہ یوکرین چین کی تجاویز کو اہمیت دیتا ہے اور اس نے یوکرین بحران کے سیاسی حل پر چین اور برازیل کے "چھ نکاتی اتفاق رائے" کا بغور مطالعہ کیا ہے  اور  یہ کہ یوکرین روس کے ساتھ بات چیت اور مذاکرات کرنے کے لئے تیار ہے۔ چین یوکرین  بحران کے جلد سیاسی حل کو فروغ دینے کے لئے  تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

فو چھونگ نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ نے چین کو بدنام دینے کے لیے جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کی ہے اور یوکرین کے مسئلے پر چین کو مورد الزام ٹھہرایا ہے جسے چین کبھی قبول نہیں کرے گا۔