26 جولائی کو سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ ای نے برطانیہ کے وزیر خارجہ برائے امور خارجہ و ترقی ڈیوڈ لیمی سے وینٹیانے میں ملاقات کی۔
وانگ ای نے کہا کہ چین برطانیہ کے ساتھ ایک مثبت اور مستحکم دوطرفہ فریم ورک بنانے اور تبادلوں کے چینلز کھولنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کو چاہیے کہ وہ درست پالیسی کی سمت قائم کریں، متوازن، عملی، کھلا اور تعاون پر مبنی رویہ برقرار رکھیں اور دونوں ممالک میں تمام شعبوں کے لیے مستحکم اور مثبت توقعات فراہم کریں۔وانگ ای نے کہا کہ اختلافات کو مناسب طور پر منظم کرنے اور مساوات اور باہمی احترام کی بنیاد پر بات چیت کر نا ہوگی ۔ امید ہے کہ برطانیہ چینی کاروباری اداروں کے لیے منصفانہ اور غیر امتیازی کاروباری ماحول فراہم کرے گا۔
برطانوی وزیر نے کہا کہ برطانیہ اور چین اہم تعاون کے شراکت دار ہیں، اور برطانیہ چین کے ساتھ قابل اعتماد، باہمی احترام پر مبنی طویل مدتی مستحکم تعلقات کو فروغ دینے کے لئے مواصلات اور تبادلوں کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک چین کے اصولی موقف پر برطانوی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ مختلف شعبوں جیسے عوامی تعلقات، تعلیم، صحت، سائنسی اور تکنیکی جدت طرازی اور آب و ہوا کی تبدیلی میں تعاون کو مضبوط بنانے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ بین الاقوامی معاملات میں چین کے اہم اثر و رسوخ اور کردار کو بہت اہمیت دیتا ہے اور عالمی چیلنجوں سے مشترکہ طور پر نمٹنے کی امید رکھتا ہے۔
فریقین نے یوکرین بحران سمیت مشترکہ تشویش کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔