چین اور اٹلی کے درمیان تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، سی ایم جی کا تبصرہ

2024/07/30 19:13:48
شیئر:

رواں سال چین اور اٹلی کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی 20 ویں سالگرہ ہے۔ اٹلی کی وزیر اعظم میلونی نے حال ہی میں چین کا دورہ  کیا ہے۔ چین کے صدر شی جن پھنگ نے 29 تاریخ کو بیجنگ میں ان سے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے  "شاہراہ ریشم کی روح" کا ذکر کیا۔ صدر شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ شاہراہ ریشم کی روح  امن اور تعاون، کشادگی اور اشتراک، باہمی سیکھنے اور باہمی فائدے پر مرکوز ہے جو چین اور اٹلی کی مشترکہ دولت ہے۔ 

چین اور اٹلی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے اب تک کے راستے پر نظر ڈالیں تو باآسانی دیکھا جا سکتا ہے کہ دو طرفہ تعلقات کی ترقی مجموعی طور پر ہموار رہی ہے۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے طویل عرصے سے قریبی تبادلے کو برقرار رکھا ہے اور دونوں حکومتوں کے درمیان اہم مذاکراتی میکانزم مؤثر طریقے سے فعال رہا ہے۔ چین ایشیا میں اٹلی کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، جس کی باہمی تجارت مسلسل تین سالوں سے 70 بلین امریکی ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس وقت ، چین میں 1،600 سے زیادہ اطالوی کمپنیاں فعال ہیں ، اور اطالوی فیشن ، خوراک ، آٹوموبائل اور دیگر مصنوعات چین میں اعلیٰ ساکھ رکھتی ہیں۔ اقوام متحدہ اور جی 20 کے اہم ارکان کی حیثیت سے ، چین اور اٹلی دونوں کثیر الجہتی اور کھلی عالمی معیشت کی وکالت کرتے ہیں ۔ ان تمام مشترکات نے چین اٹلی تعاون کی عملی بنیاد کو مضبوط بنا دیا ہے۔

 دونوں ممالک کے رہنماؤں نے دوطرفہ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کو فروغ دینے اور سائنسی اور تکنیکی جدت طرازی، برقی گاڑیوں اور مصنوعی ذہانت جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔ چین اٹلی کے کاروباری اداروں کو چین میں سرمایہ کاری کے لئے خوش آمدید کہتا ہے، مزید اعلیٰ معیار کی اطالوی مصنوعات درآمد کرنے کے لئے تیار ہے، اور امید کرتا ہے کہ اٹلی بھی  اپنے ہاں چینی کاروباری اداروں کو منصفانہ، شفاف، محفوظ اور غیر امتیازی کاروباری ماحول فراہم کرے گا. اطالوی فریق نے یہ واضح کیا کہ وہ "علیحدگی اور ڈی کپلنگ " اور تحفظ پسندی کی مخالفت کرتا ہے، اور چین۔یورپی یونین تعلقات کی ترقی کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے.

 صنعت، تعلیم اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کی دستاویزات پر مشترکہ دستخط سے لے کر جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لئے تین سالہ ایکشن پلان کے اجراء تک، اہم اتفاق رائے اور نتائج کے ایک سلسلے نے چین۔اٹلی تعلقات کی ترقی میں نئی تحریک پیدا کی ہے اور چین۔یورپی یونین اقتصادی اور تجارتی تعاون کو بڑھانے میں مدد کی ہے. متعدد مغربی ذرائع ابلاغ نے تبصرہ کیا کہ یہ "چین-اطالوی تعاون کا ایک نیا مرحلہ" ہے۔