شی زانگ خوداختیار علاقے کے صدر مقام لہاسا،شہر لینگ چی اور دیگر مقامات پر بہت سے نوجوان اپنے کاروبار میں مصروف ہیں۔ ان میں سے کچھ یہیں پیدا ہوئے اور کچھ دوسرے علاقوں سے یہاں آئے۔شی زانگ میں کاروبار شروع کرنے کے لیے ان نوجوانوں کو کس چیز نے راغب کیا ؟
تجزیہ نگار وں کے خیال میں پہلی وجہ مقامی معیشت کی تیز رفتار ترقی ہے۔شی زانگ چین کا ایک انتہائی غریب علاقہ ہوا کرتا تھا۔ مرکزی حکومت کے تعاون سے شی زانگ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے 2019 کے آخر میں غربت کا خاتمہ کیا گیا اور 2021 میں ایک معتدل خوشحال معاشرے کی تعمیر میں کامیابی حاصل کی گئی۔ اس سال کی پہلی ششماہی میں شی زانگ کا جی ڈی پی 118.945 بلین یوآن تک پہنچا جو کہ سال بہ سال 6.1 فیصد کا اضافہ ہے، اور یہ شرح نمو ملک میں دوسرے نمبر پر ہے.تیز رفتار ترقی نوجوانوں کو یہاں راغب کرنے کی بنیادی وجہ بن چکی ہے۔
دوسری وجہ حکومت کی حمایت ہے۔ مقامی حکومت نے انٹرپرینیورشپ اینڈ ایمپلائمنٹ سپورٹ فنڈ قائم کیا ، مختلف علاقوں میں نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ اور ایمپلائمنٹ کے مقابلے کے انعقاد اور سروس سینٹر کے قیام کی حوصلہ افزائی کی اور متعلقہ قرضوں کی رقم کو بڑھایا۔ ان پالیسیوں نے نوجوانوں میں شی زانگ میں اپنے کاروبار کے آغاز کے لئے اعتماد کو بڑھایا ہے۔
اس کے علاوہ، شی زانگ کی منفرد ثقافت سے بھی بہت سے نوجوانوں کو روحانی انحصار ملا ہے۔ یہاں کے نوجوان یون ڈان نے لہاسا میں رہنے والے 13 سالوں کے دوران، تبتی ثقافت کے بارے میں بے شمار مختصر ویڈیوز بنائیں جو سوشل میڈیا پر بہت پسند کی گئیں۔ اس سے نہ صرف اس نوجوان کا اپنا خواب پورا ہوا اور اسے کیریئر میں کامیابی حاصل ہوئی، بلکہ دنیا کو حقیقی شی زانگ دیکھنے کا موقع بھی ملا۔
چین میں ایک کہاوت ہے کہ دوسروں سے سو مرتبہ سننا بھی اپنی آنکھوں سے ایک دفعہ دیکھنے کے برابر نہیں ہوسکتا ۔ شی زانگ میں نوجوانوں کی کہانیاں دیکھ کر یہ اندازہ ہوتا ہے کہ لوگوں کی خوشی سب سے بڑا انسانی حق ہے۔ اور شی زانگ جدت طرازی اور کاروبار کے لیے ایک زرخیز زمین بن چکی ہے۔ چین میں اصلاحات کے سفر کے آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ شی زانگ کی ترقی کو بھی نئی قوت محرکہ مل رہی ہے ۔