نیتن یاہو کا اسرائیلی اعلیٰ فوجی حکام سے جھگڑا

2024/08/04 15:46:38
شیئر:

 متعدد اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کا حال ہی میں اسرائیل میں ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی اجلاس کے دوران اسرائیلی وزیر دفاع اور دفاعی افواج کے چیف آف اسٹاف ہیلیوی کے ساتھ شدید جھگڑا ہوا۔ اختلافات کی وجہ سے نیتن یاہو نےاسرائیل کے ان دونوں فوجی حکام کو برطرف کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

 مشرق وسطیٰ میں فوجی کشیدگی میں حالیہ اضافے کے بڑھتے ہوئے خطرے کے باعث 3 تاریخ کو امریکہ، برطانیہ، سویڈن اور دیگر ممالک نے اپنے شہریوں سے کہا ہےکہ وہ جلد از جلد لبنان سے نکل جائیں۔ اسی دن اردن کی وزارت خارجہ نے ایک اعلامیہ جاری کیا جس میں اردن کے شہریوں سے کہا گیا کہ وہ فی الحال لبنان کا سفر نہ کریں اور لبنان میں موجود اردن کے شہری جلد از جلد  لبنان سے نکل جائیں۔

3 اگست کی شام کو اسرائیلی حکومت سے عدم اطمینان کے باعث اسرائیلی عوام اور زیر حراست افراد کے اہل خانہ کی بڑی تعداد تل ابیب کی سڑکوں پر نکل آئی اور مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے سڑکوں پر پولیس کا سامنا کیا اور اسرائیلی حکومت سے جنگ بندی کا معاہدہ طے کرنےاور قیدیوں کے تبادلے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین  اور پولیس کے درمیان جھڑپیں  ہوئیں۔ قبل ازیں شمالی اسرائیل کے شہر ام فہم میں بھی مقامی افراد نے مظاہرہ کیا جس میں 'غزہ میں جنگ ختم کرو' اور 'جو ملک کسی دوسرے ملک پر قابض ہے وہ کبھی آزاد نہیں ہوگا' جیسے نعرے لگائے گئے۔ اس کے علاوہ اسرائیل کے شہر حیفا میں بھی مقامی افراد نے  احتجاج کیا۔