اسلامی تعاون تنظیم کا حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل پر خصوصی اجلاس

2024/08/08 10:26:31
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق 7 اگست کو ایران کی درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا جس میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل، غزہ کی پٹی میں صورتحال  ،اسرائیل اور فلسطین اور علاقائی ممالک کے درمیان تنازع پر بات چیت کی گئی۔

اجلاس میں ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے کہا کہ حماس رہنما کا ایران کے دارالحکومت تہران میں قتل ، اسرائیل کی جانب سے ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے،جس نے علاقائی و بین الاقوامی امن و سلامتی کو شدید خطرات سے دوچار کیا ہے اور بین الاقوامی قوانین اور "اقوام متحدہ کے چارٹر" کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اسرائیل کا احتساب کرنا چاہیے اور اسے سزا دینی چاہیے۔

سعودی نائب وزیر خارجہ ولید الخریجی نے اجلاس میں کہا کہ فلسطین اسرائیل تنازع کے موجودہ دور سے صورتحال شدت اختیار کر چکی ہے۔ دورہ تہران کے دوران ہنیہ کا قتل ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی سلامتی، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے جو علاقائی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہے۔