⁠⁠⁠⁠⁠⁠⁠چینی وزارت خارجہ کی جانب سے "امریکا کی نیشنل انڈومنٹ فار ڈیموکریسی کی کارروائیاں اور اس کا حقیقی چہرہ" کے عنوان سے رپورٹ کا اجراء

2024/08/09 15:19:03
شیئر:


9 اگست کو چینی وزارت خارجہ نے "امریکہ کی نیشنل  انڈومنٹ فار ڈیموکریسی کی کارروائیاں اور اس کا حقیقی چہرہ" کے عنوان سے رپورٹ جاری کی۔رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ نیشنل انڈومنٹ فار ڈیموکریسی (این ای ڈی) امریکی حکومت کا 'سفید دستانہ' ہے اور طویل عرصے سے 'جمہوریت کے فروغ ' کی آڑ میں دوسرے ممالک کی حکومتوں کا تختہ الٹنے ،ان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے، علیحدگی پسندی اور محاذ آرائی پر اکسانے اور  رائے عامہ کے ذریعے  نظریاتی دراندازی کرنے میں مصروف رہا ۔اس سے شدید نقصان ہوا ہے اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے اس کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ امریکا نے  جمہوریت، آزادی اور انسانی حقوق کی آڑ میں  این ای ڈی کی مدد سے  دوسرے ممالک میں دراندازی اور  مداخلت کی ہے اور  بین الاقوامی قوانین اور تعلقات کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی کی ہے، جس سے  عالمی امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں، اور بین الاقوامی برادری اس کی سختی سے مخالفت کرتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  ہر ایک ملک کو   اپنے حقائق اور اپنے عوام کی ضروریات کی بنیاد پر اپنی ترقی کا راستہ تلاش کرنے کا حق حاصل ہے۔ کوئی بھی ملک خود کو  جمہوریت اور انسانی حقوق کا استاد   نہیں سمجھ سکتا اور نہ ہی وہ  "جمہوریت اور انسانی حقوق" کی آڑ میں دوسرے ممالک کی خودمختاری کی خلاف ورزی کر سکتا ہے اور ان کے اندرونی معاملات میں مداخلت   یا نظریاتی محاذ آرائی کو  ہوا دے سکتا ہے۔