اسرائیل کے جنوبی لبنان میں فضائی حملے میں 10 افراد ہلاک اور 5 زخمی

2024/08/18 16:10:35
شیئر:

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق لبنان کی وزارت صحت نے 17 تاریخ کو کہا کہ اسرائیل نے اسی دن علی الصبح جنوبی لبنان میں فضائی حملہ کیا جس میں 10 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

خبر کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان اور اسرائیل کی عارضی سرحد کے لبنانی حصے میں متعدد قصبوں پر حملے کیے۔ ان میں سے اسی دن علی الصبح جنوبی لبنان میں ایک عمارت پر حملے میں 10 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد شامی شہری تھے۔ لبنانی حزب اللہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے فضائی حملوں کے بعد جوابی کارروائی کے طور پر شمالی اسرائیل میں راکٹ داغے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق اسرائیلی فورسز نے حزب اللہ کے ہتھیاروں کے ڈپوز پر حملہ کیا ہے۔

گذشتہ سال 7 اکتوبر کو فلسطین اسرائیل تنازع کے نئے دور کے آغاز کے بعد سے حزب اللہ نے شمالی اسرائیل اور اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں پر وقتاً فوقتاً حملے کیے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے جنوبی لبنان میں فضائی حملے اور گولہ باری کی ہے۔ لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر دونوں فریقوں کے درمیان جھڑپیں آج تک جاری ہیں، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں رہائشیوں کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا ہے۔