چینی وزیر اعظم لی چھیانگ اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی ملاقات

2024/08/23 18:54:56
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق 22 اگست  کو  چینی  وزیر اعظم لی چھیانگ نے بیلاروس کے   انڈیپینڈینس محل میں بیلاروس کے صدر  الیگزینڈر لوکاشینکو سے ملاقات کی۔

 لی چھیانگ نے کہا کہ 32 سال قبل چین اور بیلاروس کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہمیشہ مضبوط  رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فریقین باہمی فائدے اور مشترکہ ترقی کے لئے پرعزم ہیں اور عملی تعاون کے کامیاب  نتائج برآمد ہوئے ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام کو ٹھوس فوائد حاصل ہوئے ہیں۔ چینی وزیر اعظم نے کہا کہ  چین بیلاروس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد کیا جا سکے، سیاسی باہمی اعتماد کو مستحکم کیا جا سکے، باہمی فائدہ مند تعاون کو گہرا کیا جا سکے اور چین بیلاروس ہمہ گیر  جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی اعلیٰ سطحی  ترقی کو فروغ دیا جا سکے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو بہتر  فوائد پہنچیں ۔

 بیلا روس کے صدر لوکاشینکو نے کہا کہ بیلاروس اور چین کے تعلقات اس وقت مضبوط  ہیں اور تیزی سے  ترقی کر  تے ہوئے  تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ بنیادی مفادات سے متعلق اہم معاملات پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کی ہے۔صدر لوکا شینکو نے کہا کہ  بیلاروس اپنی  اقتصادی اور سماجی ترقی کے لئے طویل مدتی بے لوث مدد پر چین کا تہہ دل سے شکر گزار  ہے، اور چین کے ساتھ قریبی اعلی سطحی  تبادلوں کو برقرار رکھنے، معیشت، تجارت، زراعت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عملی تعاون کو گہرا کرنے، صدر شی جن پھنگ کی طرف سے پیش کردہ اہم عالمی انیشی ایٹوز  میں فعال طور پر حصہ لینے اور بیلاروس-چین ہمہ گیر  جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی زیادہ سے زیادہ ترقی کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے.