نیدرلینڈز کی جانب سے امریکی کمپنی پر 290 ملین یورو کا جرمانہ

2024/08/28 09:50:06
شیئر:

نیدرلینڈز ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی نے 26 تاریخ کو اعلان کیا کہ اس نے یورپ میں ڈرائیورز کا نجی ڈیٹا امریکہ منتقل کرنے پر امریکی رائیڈ ہیلنگ سروس کے آپریٹر اوبر پر 290 ملین یورو کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ 

معلوم ہوا ہے کہ فرانس کے ایک گروپ نے 170 سے زائد مقامی ٹیکسی ڈرائیورز کی جانب سے ملک کی ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی میں شکایت درج کرائی تھی۔ چونکہ اوبر کا یورپی ہیڈکوارٹر نیدرلینڈز میں ہے اس لیے یہ معاملہ نیدرلینڈز ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی کو بھیج دیا گیا۔

 نیدرلینڈز ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی نے انکشاف کیا ہے کہ اوبر یورپ میں ڈرائیورز کے بارے میں حساس معلومات جمع کرتا ہے، جن میں اکاؤنٹ کی تفصیلات، مقام کی معلومات، تصاویر، ادائیگی کی معلومات، شناختی دستاویزات اور یہاں تک کہ کچھ معاملات میں مجرمانہ ریکارڈ اور طبی ڈیٹا بھی شامل ہے۔ دو سال سے زائد عرصے تک یہ ڈیٹا مناسب ٹرانسمیشن میکانزم کے بغیر امریکہ میں اوبر کے ہیڈ کوارٹر ز  کو منتقل کیا گیا، جس کے نتیجے میں ڈیٹا کے مناسب تحفظ کو یقینی نہیں بنایا گیا ہے۔ یہ یورپی یونین کے جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن کی "سنگین خلاف ورزی" ہے۔

 اس سے قبل بھی نیدرلینڈز ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی نے 2023 میں اوبر پر 10 ملین یورو کا جرمانہ عائد کیا تھا۔