گزشتہ سال 7 اکتوبر کو بڑے پیمانے پر فلسطین اسرائیل تنازع کا ایک نیا دور شروع ہوا جسے 11 ماہ سے زائد ہو چکے ہیں ۔ 7 تاریخ کو بھی اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں کئی مقامات پر حملے جاری رکھے جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے۔
غزہ پٹی کے محکمہ صحت کے مطابق 7 تاریخ کو شمالی غزہ کی پٹی میں جبلیہ پناہ گزین کیمپ کے ایک اسکول اور غزہ شہر کے مضافات میں ایک اسکول پر اسرائیلی فورسز نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اُس نے اسکول کے اندر فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر پر حملہ کیا۔
اس کے علاوہ 7 تاریخ کو فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے وسطی غزہ کی پٹی اور جنوبی شہر رفح میں النصریت پناہ گزین کیمپ میں ایک ہی دن دو فلسطینیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ۔ اسی روز اسرائیلی افواج نے النسیلات پناہ گزین کیمپ کے آس پاس بھی فضائی حملے کیے، جس میں تین بچوں سمیت کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔
فلسطینی مسلح گروہوں نے 7 تاریخ کو کہا کہ انہوں نے غزہ کی پٹی میں کئی مقامات پر اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا اور اسرائیلی ٹینکوں اور گاڑیوں پر حملے کیے۔
دریں اثناء غزہ کی پٹی میں پولیو کے قطرے پلانے کا سلسلہ جاری ہے اور اسرائیل اور حماس نے غزہ کی پٹی کے کچھ حصوں میں مرحلہ وار عارضی جنگ بندی کا نفاذ کیا ہے تاکہ ویکسینیشن کو فروغ دیا جا سکے۔