12 ستمبر کو ، سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے خارجہ امور کے دفتر کے ڈائریکٹر وانگ ای نے سینٹ پیٹرزبرگ میں ایران کی ا علی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی اکبر احمدیان سے ملاقات کی۔
وانگ ای نے کہا کہ چین اور ایران کے تعلقات بین الاقوامی صورتحال کے امتحانات پر پورا اترے ہیں اور ایک مضبوط بنیاد قائم رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین ایران کی نئی حکومت کی جانب سے چین کے ساتھ دوستی کے عزم کے اعادہ اور ایران چین تعلقات کو مستحکم اور گہرا کرنے پر آمادگی کے اظہار کو سراہتا ہے۔ وانگ ای نے کہا کہ گزشتہ سال ایران اور سعودی عرب نے بیجنگ میں تاریخی مصالحت کی تھی جس کا بین الاقوامی برادری نے وسیع پیمانے پر خیر مقدم کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ چین علاقائی ممالک کے ساتھ اختلافات کو بات چیت اور مشاورت کے ذریعے حل کرنے، اور علاقائی امن و استحکام کے لئے مثبت طرز عمل میں ایران کی حمایت کرتا ہے۔
علی اکبر احمدیان نے کہا کہ ایران کی نئی حکومت ایران چین دوستی کو مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہے اور ایران چین جامع تعاون کے منصوبے پر عمل درآمد کو فروغ دینے اور اقتصادی اور تجارتی سرمایہ کاری ، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ثقافتی سیاحت میں ہمہ جہت عملی تعاون کو وسعت دینے کے لئے چین کے ساتھ کام کرنے کی خواہش مند ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران بین الاقوامی برادری میں ایک ذمہ دار بڑے ملک کی حیثیت سے چین کے کردار کو سراہتا ہے اور بیجنگ میں ایران سعودی عرب مذاکرات میں ثالثی پر چین کا شکر گزار ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔