12 ستمبر کو سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر وانگ ای نے سینٹ پیٹرزبرگ میں بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سے ملاقات کی۔
دونوں فریقوں نے سرحدی امور کی مشاورت میں حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر یقین کا اظہار کیا کہ چین بھارت تعلقات کا استحکام دونوں ممالک کے عوام کے بنیادی اور طویل مدتی مفادات کے مطابق ہے اور یہ علاقائی امن و ترقی کے لیے سازگار بھی ہے۔ فریقین نے دونوں ممالک کے رہنماؤں کی جانب سے طے پانے والے اتفاق رائے پر عمل درآمد، افہام و تفہیم اور باہمی اعتماد کو بڑھانے، دو طرفہ تعلقات کی بہتری کے لیے حالات پیدا کرنے اور اس سلسلے میں روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وانگ ای نے اس بات پر زور دیا کہ دو قدیم مشرقی تہذیبوں اور ابھرتے ہوئے ترقی پذیر ممالک کے طور پر ، انتشار کی شکار دنیا کے سامنے، چین اور بھارت کو آزادی اور خود مختاری کے اصولوں پر قائم رہنا چاہیے اور ایک دوسرے کو زیر کرنے کی بجائے باہمی کامیابیوں پر زور دینا چاہیے۔