اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اسرائیل سے ایک سال کے اندر مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اپنی غیر قانونی موجودگی ختم کرنے کا مطالبہ

2024/09/19 10:09:09
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق18 ستمبر کو  فلسطین اسرائیل مسئلے پر تبادلہ خیال کے لیے دسویں ہنگامی خصوصی اجلاس میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے مقبوضہ فلسطینی علاقے کے سوال پر اسرائیل سے متعلق مشاورتی رائے پر ایک مسودہ قرارداد  کی منظوری دی ،  جس میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ قرارداد کی منظوری کے بعد 12 ماہ کے اندر مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اپنی غیر قانونی موجودگی ختم کرے۔

قرارداد کے حق میں 124، مخالفت میں 14 ووٹ ڈالے گئے جبکہ 43 نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا ۔ چین نے حق میں ووٹ دیا۔یہ پہلا موقع ہے کہ فلسطینی ریاست نے اقوام متحدہ میں مبصر کی حیثیت سے جنرل اسمبلی میں قرارداد کا مسودہ پیش کیا ہے۔

بین الاقوامی عدالت انصاف نے رواں سال 19 جولائی کو ایک مشاورتی رائے جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیل کی مسلسل موجودگی غیر قانونی ہے اور اسرائیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں اپنی غیر قانونی موجودگی کو جلد از جلد ختم کرے، آبادکاری کی تمام نئی سرگرمیوں کو فوری طور پر بند کرے اور مقبوضہ فلسطینی علاقے سے تمام آباد کاروں کو واپس بلالے اور علاقے میں  ہونے والے نقصان کی تلافی کرے۔