لبنان میں مواصلاتی آلات کے دھماکوں کے واقعے پر چین کی مذمت

2024/09/21 15:38:00
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق 20 ستمبر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے لبنان اور اسرائیل کی صورتحال  کے  جائزے  کے لئے ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ۔

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے فو زونگ نے لبنان میں پیجرز اور واکی ٹاکی سمیت ہزاروں مواصلاتی آلات کے  ایک ہی وقت میں ریموٹ  کنٹرول  سے  پھٹنے کے واقعے پر چین کی گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی ملک کی خود مختاری اور سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بھی ہے جس کی سختی سے مذمت کرنی چاہیئے۔

چین کے نمائندے نے کہا کہ چین  کو لبنان اور اسرائیل کی صورتحال  پر  تشویش  ہے اور چین   فریقین سے تحمل  کی اپیل کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اسرائیل سے اپیل کرتا ہے کہ وہ قوت کا استعمال ترک کرے اور غزہ میں فوجی کار روائیوں اور لبنان کی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر  بند  کرے۔

چینی نمائندے نے کہا کہ چین زور دیتا ہے کہ وہ ممالک جو اسرائیل پر اثر و رسوخ رکھتے ہیں وہ  اسرائیل کی غلطیوں  کو درست کرنے  کے لئے  عملی اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ  چین سلامتی کونسل کی  تمام ضروری کار روائیوں کی حمایت کرتا ہے اور لبنان اسرائیل صورتحال کو بہتر کرنے  اور مشرق وسطیٰ  میں  امن و استحکام کے تحفظ کے لئے کوششیں جاری رکھنے کا   خواہاں ہے۔