اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان پر اب تک کےسب سے بڑے حملوں میں 2000 سے زائد افراد ہلاک اور زخمی

2024/09/24 10:06:56
شیئر:

⁠⁠⁠⁠⁠⁠⁠

اسرائیل کی دفاعی افواج نے 23ستمبر کی شام کو اعلان کیا کہ اسرائیلی فوج نے اسی دن کی صبح سے لبنان کے حزب اللہ کے 1300 سے زائد اہداف پر "ایرو آف دی نارتھ" نامی فضائی حملے کیے ہیں۔ 23 تاریخ کی رات تک اسرائیلی فضائی حملوں میں 1300 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا  گیا اور 2000 سے زائد افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ رہی ہے۔ لبنانی حزب اللہ  نےاسی دن اعلان کیا کہ اس نے شمالی اسرائیل میں واقع متعدد فوجی اہداف پر درجنوں "میزائل" داغے ہیں۔

 امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان پیٹ رائیڈر نے 23 ستمبر کو   کہا   کہ امریکہ مشرق وسطیٰ میں اضافی فوجی بھیج رہا ہے تاہم انہوں نے اضافی فوجیوں کی تعداد اور کام کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ ایران کی وزارت خارجہ، فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس)، اردن کے نائب وزیر اعظم اور وزیر برائے امور خارجہ و تارکین وطن، مصر کی وزارت خارجہ اور ترکی کی وزارت خارجہ نے 23 تاریخ کو لبنان میں اسرائیل کی جانب سے خطرناک فوجی آپریشن بڑھانے کی مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے 23 تاریخ کو اپنے ترجمان کے ذریعے ایک بیان جاری کیا جس میں اسرائیل اور لبنان کی سرحد پر "بلیو لائن" کے قریب کشیدگی میں اضافے کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں پر گہرے صدمے کا اظہار کیا گیا اور صورتحال کو فوری طور پر کم کرنے اور سفارتی حل تلاش کرنے کی ہر ممکن کوشش کا مطالبہ کیا گیا۔