مقامی وقت کے مطابق 24 ستمبر کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ ای نے نیویارک میں جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیرباک سے ملاقات کی۔
وانگ ای نے کہا کہ دنیا کی دوسری اور تیسری بڑی معیشتوں کی حیثیت سےچین اور جرمنی ایک دوسرے کی ترقی سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور مشترکہ طور پر عالمی امن اور خوشحالی میں اپنی خدمات سرانجام دیتے ہیں۔ چین چین- جرمنی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور سیاسی باہمی اعتماد کو بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان ہمہ جہتی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے جرمنی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ چین اور یورپی یونین کے مابین معاشی تعلقات مستحکم ہیں۔معاشی اور تجارتی مسائل پر سیاست کرنا اور من مانے محصولات عائد کرنا کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے اور یہ دنیا کی سبز تبدیلی کے لیے بھی سازگار نہیں ہے۔ امید ہے کہ جرمنی اور یورپی یونین کھلے تعاون پر عمل کریں گے، متعلقہ مسائل کو مناسب طریقے سے حل کریں گے، اور مشترکہ طور پر بین الاقوامی تجارتی قوانین اور منصفانہ مسابقت کے ماحول کی حفاظت کریں گے۔
اینالینا بیرباک نے کہا کہ چین جرمنی کا سب سے اہم تجارتی شراکت دار ہے۔ جرمنی کی جانب سے ون چائنا پالیسی برقرار رکھنے میں کوئی تبدلی نہیں آئی۔ جرمنی کا یہ بھی ماننا ہے کہ آزاد تجارت اور منصفانہ مسابقت کی پابندی کی جانی چاہیے، اور یورپی یونین کو اپنی مارکیٹ کو کھلا رکھنے اور کھلے،شفاف مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے درپیش مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ جرمنی اقوام متحدہ جیسے کثیرالجہتی میکانزم میں ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور یورپی یونین اور چین کے درمیان تعلقات کی ترقی کو فعال طور پر فروغ دینے کے لیے چین کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
اس کے علاوہ فریقین نے یوکرین کے بحران، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔