چین میں پاکستان کے سفیر خؒلیل ہاشمی کا شین یانگ کا دور ہ

2024/09/26 18:40:31
شیئر:

25 ستمبر کو ،چین کے صوبہ لیاؤننگ  کے   گورنر لی لہ چھنگ نے چین میں پاکستانی سفیر  خلیل  ہاشمی سے ملاقات کی ،جو  شین یانگ میں سرمایہ کاری اور تجارت کے لئے پانچویں لیاؤننگ بین الاقوامی میلے میں شرکت کر رہے ہیں۔

لی لہ چھنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی طویل عرصے سے قائم ہے اور دونوں ممالک اچھے ہمسایہ، اچھے دوست، اچھے شراکت دار اور اچھے بھائی ہیں۔ امید ہے کہ پاکستان کے ساتھ زراعت، صنعت، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت، سیاحت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تبادلے  کو گہرا کیا جائے گا اور دونوں فریقوں کے درمیان دوستی اور تعاون  کو مزید م استحکام اور وسعت ملے گی۔

خلیل ہاشمی نے کہا کہ وہ شین یانگ اور کراچی کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات کو ایک پل کے طور پر لے کر،دونوں فریقوں کے مابین  پیٹرو کیمیکل، سازوسامان  کی مینوفیکچرنگ، اسٹیل اور دیگر صنعتوں میں تعاون کو گہرا کرنے، ترقیاتی زونز اور پارکوں جیسے مختلف کھلے پلیٹ فارمز کے درمیان ڈاکنگ کو مضبوط بنانے، تعلیم، سائنس و  ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے، لیاؤننگ  جامعات  میں پاکستان کے تحقیقی مراکز کے قیام کو فعال طور پر فروغ دینے، بین الاقوامی طلباء کے تبادلوں کو فروغ دینے اور ثقافتی وابستگی اور مشترکہ ترقی کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔

اسی دن  شین یانگ میں پہلی بین الاقوامی سسٹر سٹیز اکنامک اینڈ ٹریڈ کوآپریشن کانفرنس کا آغاز ہوا جس کا موضوع "بہتر مستقبل بنانے کے لئے سسٹر سٹیز کے ساتھ  مصافحہ " تھا۔ بین الاقوامی سسٹر سٹیز، فرینڈشپ آرگنائزیشنز، غیر ملکی کاروباری انجمنوں، چین میں سفارت خانوں ،قونصل خانوں  اور شین یانگ میں فارچیون 500 کمپنیوں اور صنعت کے معروف کاروباری اداروں کے نمائندوں سمیت 150 سے زائد  افراد  نے اس موقع پر  دوستی، تعاون اور مستقبل پر تبادلہ خیال کیا ۔چین میں  پاکستانی  سفیر  خلیل ہاشمی نے  نامہ نگار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شین یانگ ایک بہت متحرک شہر ہے۔  کراچی اور شین یانگ سسٹر سٹیز ہیں اور وہ  اپنی کوششوں سے  شین یانگ اور کراچی کے درمیان افراد ، کاروبار، سیاحت، ثقافت اور عجائب گھروں کے حوالے سے تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے تیار  ہیں ۔