29 تاریخ کی صبح ، عوامی جمہوریہ چین کے قومی تمغے اور ریاستی اعزازی ٹائٹل ایوارڈ کی تقریب بیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپلز میں منعقد ہوئی۔ سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، عوامی جمہوریہ چین کے صدر اور سینٹرل ملٹری کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے قومی تمغے اور قومی اعزازات عطاء کیے اور تقریب سے اہم خطاب کیا۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ اس وقت چین ایک مضبوط ملک کی تعمیر اور چینی طرز کی جدیدیت کے ساتھ قومی احیاء کے عظیم مقصد کو جامع طور پر فروغ دینے کے اہم دور میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا سمیت ملک کی تمام قومیتوں کے لوگوں کو قومی تمغے اور اعزازی ٹائٹل حاصل کرنے والوں کو مثال کے طور پر لینا چاہئے، اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے، اور ملک کو مضبوط بنانے کے عظیم نصب العین میں حصہ لینا چاہئے۔ صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ ہمیں ملک کو مضبوط بنانے کے عزائم کو مزید توانا کرنا چاہیے ، مضبوط ملک کی تعمیر کی صلاحیتوں کو بلند کرنا چاہیےاور اس کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ گزشتہ 75 سالوں میں عالمی سطح پر چینیوں کے بہت سے پرانے اور اچھے دوست بنے ہیں۔ چینی عوام ان بین الاقوامی دوستوں کو کبھی نہیں بھولیں گے جنہوں نے چین کی ترقی اور چینی عوام اور دیگر ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کو بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ چینی عوام عالمی امن کے تحفظ، مشترکہ ترقی کو فروغ دینے، بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینے اور انسانیت کے لئے ایک بہتر مستقبل تشکیل دینے کے لئے دنیا کے تمام ممالک کے لوگوں کے ساتھ مل کر کوششوں کے خواہاں ہیں۔