مقامی وقت کے مطابق 8 اکتوبر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک بیان جاری کیا جس میں 6 اکتوبر کو پاکستان کے شہر کراچی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی جس میں دو چینی شہری اور ایک پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے۔
سلامتی کونسل کے ارکان نے سوگوار خاندانوں اور چین اور پاکستان کی حکومتوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمنائیں ظاہر کیں۔ سلامتی کونسل کے ارکان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی تمام شکلیں بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
سلامتی کونسل کے ارکان نے دہشت گرد حملوں کے ذمہ داروں، منتظمین، مالی اعانت فراہم کرنے والوں اور اسپانسرز کا احتساب کرنے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سلامتی کونسل نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق چین اور پاکستان کی حکومتوں اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ فعال طور پر تعاون کریں۔
8 اکتوبر کو پاکستان کے صوبہ سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری نے دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی افسوسناک ہلاکت پر اظہار تعزیت کیا ۔7 اکتوبر کو صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں لوگوں نے کراچی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کے لیے ایک ریلی نکالی۔ مقامی باشندوں نے پاک چین دوستی کی حمایت میں نعرے لگائے اور ترقی اور امن کو نقصان پہنچانے والی دشمن قوتوں پر برہمی کا اظہار کیا۔