13 اکتوبر کو ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ایران کے توانائی کے شعبے پر امریکہ کی طرف سے عائد پابندیوں کی مذمت کی اور کہا کہ اسرائیل کے خلاف ایران کی فوجی کارروائی بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے دفاع کے لئے ایک جائز اقدام ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکہ نے مغربی ایشیائی خطے کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچایا ہے اور اس پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اسرائیلی حکومت کا سب سے اہم حامی اور اسلحہ فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہونے کے ناطے اسرائیلی کار روائیوں میں شریک ہے۔ امریکہ کی جانب سے اسرائیلی حکومت کی حمایت کے مقصد سے ایران پر پابندیاں عائد کرنے سے اسرائیل بے گناہ لوگوں کا اندھا دھند قتل عام جاری رکھے گا اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کو امریکی پابندیوں کا مناسب جواب دینے کا حق حاصل ہے اور امریکی حکومت کی دھمکیوں اور ایران پر زیادہ دباؤ ڈالنے کی پالیسی ایران کو اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع جاری رکھنے سے نہیں روک سکے گی ۔