چینی اور پاکستانی وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات

2024/10/15 11:10:47
شیئر:

 14 اکتوبر کو  چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے وزیر اعظم ہاوس اسلام آباد میں پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات  کی۔

 لی چھیانگ نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم میں اسٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں اور دونوں فریقوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کو سمجھا ہے، اعتماد کیا ہے اور ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔ اس سال جون میں چین کے صدر شی جن پھنگ نے  محترم  وزیر اعظم سے ملاقات کی اور  چین پاک  تعلقات کی ترقی کے لئے مزید منصوبے متعارف کرائے ۔ چین نے ہمیشہ اپنی سفارتکاری میں  چین پاک تعلقات کو ترجیح دی ہے اور دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔اس کے علاوہ اسٹریٹجک کوآرڈینیشن کو مسلسل مضبوط بنانا ، مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنا اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ  چین پاکستان ہم نصیب معاشرے  کی تعمیر کو تیز کرنا  ضروری ہے ، تاکہ  چین اور  پاکستان اپنی اپنی  قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع اور قومی حالات کے مطابق ترقی کے راستے پر   شانہ بشانہ آگے بڑھ  سکیں ۔ 

لی چھیانگ نے کہا کہ چین ریلوے، شاہراہوں اور بندرگاہوں کے شعبوں میں بڑے منصوبوں کی تعمیر میں تیزی لانے، صنعتی انضمام اور ترقی کو مضبوط بنانے اور زراعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں میں عملی تعاون کو گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے تاکہ  چین پاک  تعاون کے ثمرات عوام کو زیادہ وسیع پیمانے پر مستفید کر سکیں۔ امید ہے کہ پاکستان چینی کاروباری اداروں کو اچھا کاروباری ماحول فراہم کرتا رہے گا اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، اداروں اور منصوبوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی تعاون کو فعال طور پر فروغ دینے اور انسداد دہشت گردی کی استعداد کار بڑھانے میں پاکستان کی مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔

 شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہیں۔ پاکستان ایک چین کے اصول پر سختی سے کاربند ہے، صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کردہ تین بڑے عالمی  انیشی ایٹوز  کی مکمل حمایت کرتا ہے اور پاکستان کی ترقی میں طویل مدتی قابل قدر معاونت پر چین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت ایک بار پھر پاکستان میں چینی اہلکاروں پر ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے پر گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور دہشت گردی کی روک تھام   اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، اداروں اور منصوبوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا وعدہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان " بیلٹ اینڈ  روڈ  انیشی ایٹو کے تحت  چین پاک اقتصادی راہداری کے اپ گریڈڈ ورژن کی تعمیر کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے اور نئے دور میں  چین پاک ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینا جاری رکھے گا۔