چینی وزیر اعظم لی چھیانگ کی پاکستان کے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات

2024/10/16 11:12:43
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق 15 اکتوبر کو چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے اسلام آباد میں پاکستانی سینٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی اور قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق سے ملاقات کی۔

لی چھیانگ نے کہا کہ 73 سال قبل چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات کی ترقی کا اچھا رجحان جاری رہا ہے۔ چین پاکستان کے ساتھ ہاتھ ملا کر آگے بڑھنے، صدر شی جن پھنگ اور پاکستانی رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے، روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، سیاسی باہمی اعتماد کو مستحکم کرنے، عملی تعاون کو وسعت دینےاور  چین پاکستان تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے کے لیے تیار ہے تاکہ فریقین کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جائے۔

لی چھیانگ نے نشاندہی کی کہ چین پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے، اسٹریٹجک رابطے کو مضبوط بنانے اور ایک دوسرے کی مضبوطی سے حمایت کرنے کے لیے تیار ہے۔ چین اور پاکستان کے درمیان باہمی مفادات پر مبنی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔اقتصادی فوائد کے مواقع کو عملی تعاون کے نتائج میں بدلنے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے۔امید ہے کہ پاکستانی سینیٹ اور قومی اسمبلی دو طرفہ تعلقات اور تعاون کی ترقی کے لیے ایک اچھا قانونی ماحول فراہم کریں گے۔