لی چھیانگ کی شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کی کونسل (وزیر اعظم) کے تئیسویں اجلاس میں شرکت

2024/10/16 19:32:59
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق 16 اکتوبر کو  چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کی کونسل (وزیر اعظم) کے   تئیسویں   اجلاس میں شرکت کی۔ بیلاروس ، قازقستان ، کرغزستان ، روس ، تاجکستان ،منگولیا اور  ازبکستان کے وزرائے  اعظم، بھارت کے وزیر خارجہ، ایران کے وزیر صنعت، کان کنی اور تجارت،  پاکستان کے  مہمان ملک  ترکمانستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اجلاس میں شرکت کی۔ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس کی صدارت کی۔

لی  چھیانگ نے کہا کہ اس سال جولائی میں آستانہ سربراہی اجلاس میں صدر شی جن پھنگ نے رکن ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ اہم اتفاق رائے پایا کہ  اتحاد اور باہمی اعتماد، امن و آشتی، خوشحالی اور ترقی، دوستانہ ہمسائیگی، منصفانہ اور انصاف پر مبنی مشترکہ گھر کی تعمیر کی جائے گی۔ اس طرح کے مشترکہ گھر کی تعمیر کے لیے ایک زیادہ مضبوط سیاسی بنیاد، زیادہ قابل اعتماد حفاظتی ضمانتیں،  زیادہ قریبی اقتصادی تعلقات، زیادہ  گہرے جذباتی روابط اور زیادہ مربوط کثیرالجہتی تعاون کی ضرورت ہوتی ہے۔

لی چھیانگ نے ایس سی او تعاون کو گہرا کرنے کے لیے چار تجاویز پیش کیں۔ پہلی یہ کہ مشنز  اور امور  کے  ارد گرد اسٹریٹجک صف بندی کو مضبوط کیا جائے ، اور اگلے دس سالوں کے لیے ایس سی او  کے لیے ترقیاتی حکمت عملی بنائی  جائے۔ دوسری  یہ کہ  غربت میں کمی، ڈیجیٹل معیشت، سبز ترقی سمیت شعبوں میں تعاون کو گہرا کیا جائے، علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری کی سہولت اور رابطے کو بہتر بنایاجائے، صنعتی اور سپلائی چین کے استحکام اور ہمواری کو برقرار رکھا جائے، اور ایس سی او  ترقیاتی بینک کے قیام کے لیے فعال طور پر تیاری کی جائے۔ تیسری تجویز یہ کہ  مشترکہ کارروائیوں کو مضبوط بنایا جائے، "تین بری قوتوں" کا مقابلہ کیا جائے  اور سیکورٹی کے خطرات اور چیلنجوں کا جواب دینے کے لیے جامع مرکز اور انسداد منشیات کے مرکز کی تعمیر کو تیز کیا جائے۔ اور چوتھی یہ کہ   افرادی تبادلوں میں  اضافہ کیا جائے۔

لی چھیانگ نے رکن ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط   کئے  اور  ایس سی او کی تعمیر  سے متعلق قراردادوں کی منظوری  بھی دی۔