پیرس میں لبنان سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں جنگ بندی کا مطالبہ

2024/10/25 09:13:39
شیئر:

فرانس کے شہر پیرس میں 24 اکتوبر  کو  "لبنان کے عوام اور  ان کی خودمختاری کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرنس" کے نام سے ایک بین الاقوامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کے شرکاء نے لبنان کے تنازعے کے تمام  فریقوں سے جنگ بندی اور موجودہ تنازع کو سیاسی طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

 فرانس کی وزارت خارجہ کے مطابق، کانفرنس کو اقوام متحدہ کی حمایت حاصل تھی۔ اجلاس میں مدعو کیے گئے  70 ممالک اور خطوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس اجلاس میں لبنان کے لئے مجموعی طور پر ایک ارب امریکی ڈالر  کی رقم جمع  ہوئی  جس میں انسانی امداد کے لئے 800 ملین امریکی ڈالر اور لبنان کی فوج کی تعمیر میں مدد کے لئے 200 ملین امریکی ڈالر شامل ہیں.

 اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرانس کے وزیر خارجہ جین نوئل بارو نے کہا کہ شرکاء نے متفقہ طور پر تنازع کے تمام فریقوں سے جنگ بندی، بحران کے سیاسی حل اور سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔ بارو نے اسرائیل سے جنگ بندی کے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ  "اس مرحلے پر، سفارت کاری اور مذاکرات طویل مدت میں اسرائیل کی سلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے طاقت سے بہتر ہیں"۔