بیجنگ میں پاکستان ایمبیسی کالج میں عالمی یوم ثقافت منایا گیا

2024/11/04 17:39:53
شیئر:

2 نومبر کو پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ  میں سالانہ بین الاقوامی یوم ثقافت  منایا گیا جس کا موضوع "دنیا کو ایک ساتھ ملانا" تھا ۔ اس تقریب میں دنیا بھر کی ثقافتوں اور تخلیقی صلاحیتوں  کا اظہار کیا گیا  اور  مختلف پرفارمنسز  ، آرٹ ڈسپلے ، روایتی ملبوسات اور پکوانوں  کو  پیش کیا گیا ۔ چین میں پاکستان کے سفیر جناب خلیل ہاشمی نے بطور مہمان خصوصی تقریب کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خلیل ہاشمی نے کہا کہ اس سال کا موضوع "دنیا کو ایک ساتھ ملانا"  اس تقریب میں نمایاں دکھائی دے رہا ہے کیونکہ تقریبا 50 ممالک کے نمائندے اپنی منفرد کہانیاں ، روایات اور ورثہ پیش کر رہے  ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ "ایک ایسی دنیا میں جو اکثر ہمارے اختلافات کو اجاگر کرتی ہے ، آج ہم اپنے ناقابل یقین تنوع کا جشن منانے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں ۔سفیر خلیل ہاشمی نے عالمی دوستی اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے ، نوجوان ذہنوں کو مستقبل کے رہنماؤں کی حیثیت سے پروان چڑھانے میں بیجنگ میں پہلے بین الاقوامی اسکول کی حیثیت سے پاکستان ایمبیسی کالج کے کردار پر روشنی ڈالی  اور ایک خوبصورت اور مضبوط دنیا کی تشکیل میں تنوع کی اہمیت کا اعادہ کیا ۔بعد ازاں  بیجنگ میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان ایمبیسی کالج کی پچپنویں سالگرہ  کے موقع  پر کیک  بھی کاٹا ۔