اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے امور کے کوآرڈینیشن آفس کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ اسرائیل کے مسلسل فضائی حملوں اور بمباری کی وجہ سے لبنان میں انسانی صورتحال 2006 سے بھی بدتر ہے جب لبنان اور اسرائیل کے درمیان بڑے پیمانے پر تنازعات ہوئے تھے۔ لبنان میں اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے کوآرڈینیٹر عمران رضا نے عام شہریوں اور بنیادی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی اور متعلقہ فریقوں سے ان کارروائیوں کو بند کرنے اور عوام کی حفاظت یقینی بنانے کی اپیل کی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ حالیہ دنوں لبنان میں انسانی صورتحال مزید خراب ہوئی اور طبی اداروں سمیت اہم بنیادی تنصیبات فضائی حملوں سے تباہ ہوئیں، جس کے نتیجے میں کئی ہسپتالوں میں معمول سے زیادہ دباو ہے جبکہ کچھ ہسپتالوں کے بلڈ بینک اس صورت حال کے لئے ناکافی ہیں۔
اس سے پہلے اسرائیلی فوج کے مسلسل فضائی حملوں کی وجہ سے بعلبک کے علاقے میں امدادی سامان بھیجنے کے انتظامات ملتوی کر دیے گئے۔ ہوائی اڈے کے ارد گرد متعدد حملوں کی وجہ سے دیگر ممالک کی طرف سے لبنان کو فراہم کردہ طبی سامان کی نقل و حمل بھی ملتوی کر دی گئی۔