کراچی میں فائرنگ کے واقعے میں چینی شہریوں کے زخمی ہونے کی تحقیقات کی نگرانی خود کروں گا ۔ شہباز شریف

2024/11/07 15:54:13
شیئر:

پاکستان میں چینی سفارت خانے کے مطابق 6 نومبر کی شام کو پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے  اسلام آباد میں  چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ  سے کراچی میں  فائرنگ کے واقعے میں چینی شہریوں کے زخمی ہونے پر  اظہار تعزیت کیا اور اس واقعے کی  مذمت کی ۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے زخمیوں کو بہترین علاج اور دیکھ بھال فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور وہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو  ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کی خود نگرانی کریں گے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ  چینی شہریوں کا تحفظ پاکستانی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان سیکیورٹی کی ضمانتوں کو مزید مضبوط کرے گا  تا کہ پاکستان اور چین کے درمیان  موجود بھائی چارے کو کوئی نقصان  نہ پہنچے۔ 

پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زائی دونگ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے زخمی چینی شہریوں سے اظہار تعزیت کے لیے سفارت خانے کا خصوصی دورہ کیا  ہے اور مجرموں کو گرفتار کرنے اور سزا دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے  جس پر چین ان کا شکریہ ادا کرتا ہے ۔چینی سفیر کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری اولین ترجیح زخمیوں کا علاج کرنے، مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کرنے،  واقعے کی مکمل  چھان بین اور پاکستان میں چینی اہلکاروں  کی حفاظت اور  ان کے  جائز حقوق و مفادات کا تحفظ کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین پاک دوستی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے  تیار ہیں۔