شی جن پھنگ کی جرمن چانسلر سے ملاقات

2024/11/20 09:03:14
شیئر:

چین کے صدر شی جن پھنگ نے برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں منعقدہ جی 20 رہنماؤں کے سربراہ اجلاس کے موقع پر جرمن چانسلر اولاف شولز سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شی جن پھنگ نے کہا کہ چین جرمنی کو چینی جدید کاری کو آگے بڑھانے میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے اور جرمن کمپنیوں کو وسیع تر مارکیٹ کے مواقع فراہم کرنا جاری رکھے گا۔چینی صدر نے کہا کہ چین اور جرمنی انتہائی مربوط اقتصادی مفادات رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی دوسری اور تیسری بڑی معیشتوں کے طور پر چین اور جرمنی اہم اثر و رسوخ رکھنے والے بڑے ممالک ہیں۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کو دوطرفہ تعلقات کو طویل مدتی اور سٹریٹیجک نقطہ نظر سے دیکھنے اور فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور جرمنی کے تعلقات نئی توانائی کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران دونوں ممالک نے ماحول دوست ترقی، خودکار اور مربوط ڈرائیونگ، سرحد پار ڈیٹا بہاؤ، پائیدار نقل و حمل اور افریقہ کے ساتھ زرعی تعاون کے شعبوں میں نمایاں نتائج حاصل کیے ہیں۔ شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ یورپی یونین کی جانب سے چینی الیکٹرک گاڑیوں پر محصولات دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے اختلافات کو حل کرنے پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جرمنی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔