گزشتہ پانچ برسوں کے دوران چین میں کسانوں کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ
چین کے وزیر زراعت ہان چھانگ بین نے انتیس تاریخ کو بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کی روشنی میں آنے والے عرصے میں کسانوں کی آمدنی میں اضافہ دیہی اور زرعی امور سے متعلق چینی حکومت کی تمام کاروائیوں کا مرکز ہے۔گزشتہ پانچ برسوں میں چین کے کسانوں کی آمدنی میں خواطر خواہ اضافہ ہوا ہے ، دو ہزار سولہ میں کسانوں کی فی کس سالانہ آمدنی دو ہزار بارہ کے مقابلے میں سینتالیس اعشاریہ چار فیصد زیادہ ہوئی ہے۔غریب علاقوں کے کسانوں کی آمدنی کی شرح اضافہ دس فیصد کے معیار پر برقرار رہی۔ ہر سال ملک میں غریب آبادی میں ایک کروڑ تیس لاکھ کی کمی سامنے آئی ہے۔
جناب ہان چھانگ بین نے کسانوں کی آمدنی میں مسلسل اضافے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ زراعت اور دیہات ہمیشہ مرکزی چینی حکومت کے بجٹ اخراجات میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔مستقبل میں زرعی مصنوعات کی کوالٹی پر زیادہ زور دیا جائے گا، زرعی پیداوار کے عمل میں کفایت شعاری اور ماحول دوست تیکنیکی وسائل کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا اور روایتی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
ہان چھانگ بین نے کہا کہ چینی حکومت پراعتماد ہے کہ سلسلہ وار اقدامات اختیار کرکے چینی کسانوں کی آمدنی میں مستحکم اضافہ برقرار رکھا جائے گا اور زیادہ کسانوں کو بالخصوص غربت سے چھٹکارا دلایا جائے گا۔